بلوچستان میں حالات معمول پر آرہے ہیں‘عاصم سلیم باجوہ

56

کوئٹہ (نمائندہ جسارت ) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ عاصم سلیم باجوہ کاکہنا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان میں حالات معمول پر آرہے ہیں، دہشت گردی کے واقعات میں کمی ہوئی ہے، ہم دہشت گردی کی جنگ جیت رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوںنے بلوچستان پولیس کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقد الوداعی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم با جوہ کا کہناتھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میںسب سے زیادہ سامنا خیبر پولیس نے کیا مگر اس سے بھی زیادہ قربانیاں بلوچستان پولیس نے دیں، صوبے کی پولیس کو 2سال میں دہشت گردی میں مار کھاتے دیکھا، بلوچستان آتے ہی پولیس کی معاونت کا تہیہ کیا، ہم سب نے مل کر صوبائی پولیس کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، انہیں دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگ سے نمٹنے کی تربیت اور وسائل فراہم کیے جس کے نتیجے میں یہاں امن قائم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایف سی پر بڑا بوجھ تھا اب پولیس ان کی جگہ لے رہی ہے، اس کے علاوہ سی ٹی ڈی ، اے ٹی ایف اور دیگر ادارے بھی بھر پور طورپر اپنے فرائض اداکر رہے ہیں۔ کمانڈر سدرن کمانڈ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں پاک افغان سرحد پر603کلومیٹرباڑ لگانے کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ ایران کے ساتھ سرحد پر بھی تکمیل کا کام جاری ہے۔آئی جی پولیس محسن حسن بٹ نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پاک فوج کی خصوصی دلچسپی اور سرپرستی سے پولیس کے جوان دہشت گردی سے نمٹنے کے قابل بنے۔تقریب میں صوبائی چیف سیکرٹری سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
عاصم سلیم باجوہ