ایس ایچ او تھانہ بولا خان قاتلوں کی پشت پناہی کررہے ہیں، صالح محمد برہمانی

43

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) کوہستانی مظلوم اتحاد کی جانب سے کوہستان کے رہائشی مقتول منٹھار شنہو کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر صالح محمد برہمانی، ملک وحید، خالد ڈیتھو ودیگر نے بتایا کہ کوہستان رہائشی غریب شخص منٹھار شہنو کو چار ماہ قبل امیر بخش برفت، محمد عثمان برفت نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ قتل کردیا تھا، تھانہ بولا خان کے ایس ایچ او قاتلوں کی پشت پناہی کرتے ہوئے مقتول کے ورثا پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ مقدمے میں سے دستبرار ہوجائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قاتلوں کو بااثر افراد کی آشیر باد حاصل ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ سمیت ڈی آئی جی حیدرآباد ودیگر سے مطالبہ کیا کہ منٹھار کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے تھانہ بولا خان کے ایس ایچ او کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ضلع دادوکے عمر رسیدہ شخص محمد یوسف نے اپنے مقتول بیٹے احسان کے قاتلوںکی گرفتاری کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ ایف آئی آر میں درج ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور متعلقہ پولیس کی جانبداری کا نوٹس لے کر ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ محمد یوسف نے بتایا کہ میرے بیٹے احسان کو سات سال قبل قتل کیا گیا، اب تک قاتل گرفتار نہیں ہوئے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے، مقامی پولیس ملزمان کی پشت پناہی کررہی ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے پولیس کی جانب داری کا نوٹس لیا جائے۔