حیدرآباد کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہا ہے، ملک انجمن یوتھ ویلفیئر

88

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ملک انجمن یوتھ ویلفیئر کے صدر ملک یونس جمال، ملک جعفر ،ملک رمضان، ملک عمران، ملک اسماعیل اور ملک محمد علی سمیت دیگر رہنمائوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ کا دوسرا بڑا شہر حیدرآباد کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہا ہے جگہ جگہ کچرے کے ڈھیروں سے اٹھنے والا تعفن شہریوں کے لئے اذیت کا باعث بن گیا ہے، انہوں نے کہا کہ گندگی کی وجہ سے وبائی امراض شہریوں کا مقدر بن چکے ہیں جبکہ انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہی ہے اور شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں کچرے کے ڈھیر نہ لگے ہوں، کئی کئی ہفتے کچرے کے ڈھیروں کو اٹھانے والا کوئی نہیں اور شہر کے گنجان آباد علاقے پھلیلی، پریٹ آباد، چمڑا منڈی ،فقیر کا پڑ چوک، ٹاورمارکیٹ ،نورانی بستی، لیاقت کالونی اور اسٹیشن روڈسمیت دیگر علاقوں میں گندگی کے باعث موذی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے، گلی محلوں میں کچرے کے پہاڑ بن چکے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن سیاسی دکان چمکانے والوں کو شہریوںکی کوئی پروا نہیں ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہر بھر میں کچرے کے ڈھیروں کو صاف کرکے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے۔