غزالہ عزیز
گورا رنگ خوبصورتی اور حسن کی ضمانت سمجھا جاتا ہے ۔لیکن یہ میعاد مغر ب اور مشرق میں کچھ مختلف ہے ۔ مشرق میں رنگ گورا کرنے کی کریمیں لگانے کا شوق ہے تو مغرب میں دھوپ میں سمندر کنارے لیٹ کر اور سینک کر رنگت سانولی کرنے کا ہونکا ہے گھنٹوں کے حساب سے ساحل پر دھوپ میں لیٹاجاتا ہے ۔
ہمارے ہاں خواتین خاص طور سے لڑکیاں رنگ گورا کرنے کے لیے اپنی بچت کریموں کی خریداری پر لگاتی رہتی ہیں ۔ یہ کریمیں اکثر غیر معیاری ہوتی ہیں جن سے چہرے کی جلد خراب ہو جاتی ہے۔بلکہ بعض اوقات لگانے والی خواتین جلدی مرض میں بھی مبتلا ہو جاتی ہیں ۔ حال یہ ہے کہ صرف انسٹیٹیوٹ آف اسکن ڈیزیز میں ہی روز کی بنیاد پر درجنوں خواتین آتی ہیں جن کا چہرہ رنگ گورا کرنے والی کسی کریم سے خراب ہو چکا ہوا ہے ۔
جلد کے ماہر ڈاکٹر اس سلسلے میں خواتین کو آگاہ کرتے رہتے ہیں ۔ ان کے مطابق ان کریموں میں کیمیکل اور ہیوی میٹل ہوتے ہیں جن سے کچھ دنوں کے لیے رنگ گورا ضرور ہو جاتا ہے لیکن اس کے بعد جلد گلنا شروع ہو جاتی ہے بیشتر اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ چہرے سے رگیں تک نظر آنے لگتی ہیں ۔ چہرہ بہت زیادہ حساس ہو جاتا ہے اور ذرا سی دھوپ یا چولہے کی تپش میں تکلیف دینے لگتا ہے ۔
کبھی کبھی ایسی غیر معیاری کریموں کے زیادہ اور مسلسل استعمال سے شوگر ہو جاتی ہے اور گردے بھی متاثر ہو جاتے ہیں ۔ بعض دفعہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ لڑکیاں شادی سے قبل گوراہونے کے لیے یہ کریمیں استعمال کرتی ہیں لیکن وہ الٹا اثر کر ڈالتی ہیں ۔ ایسی کریمیں استعمال کر کے نقصان اٹھانے والی مہناز( فرضی نام) بھرائی ہوئی آواز میں اپنا دُکھڑا روتی ہیں اور واقعی ان کے ساتھ برا ہوا وہ کہتی ہیں کہ’’ میں اپنی شادی کے دن بہت بری لگ رہی تھی… بہت ہی بری
حالانکہ میں ایسی نہیں تھی… افسوس میں نے شادی سے پہلے اپنی جلد کو نکھارنے کی ٹھانی … اور میں امید کر رہی تھی کہ شادی کے دن تک میری جلد خوبصورت اور چمک دار ہو جائے گی … لیکن اُلٹا ہوا‘‘
28 سالہ ساجدہ(فرضی نام) بتاتی ہیں کہ پہلے میری جلد پر سفید زخم پڑے جو بعد میں گہرے دھبوں میں تبدیل ہو گئے… میرا قصور صرف اتنا تھا کہ میں نے سیلون میں دی گئی رنگ گورا کرنے والی کریم پر اعتماد کیا ۔
گورے رنگ کا جنون ایشیا اور افریقا میں تو ہے ہی لیکن پوری دنیا میں اس کے دیوانوں کی کمی نہیں ۔ 2017ء میں رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی عالمی مارکیٹ کی قدر کا تخمینہ چار ارب آٹھ کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے ۔ اور اندازہ ہے کہ2027ء تک یہ دو گنا ہو جائے گا ۔ یعنی 8.9 ارب ڈالر!! یہ ایک بہت بڑی رقم ہے ۔ لہٰذا طلب کو پورا کرنے کے لے ہر طرح کے لوگ مارکیٹ میں آ جاتے ہیں ۔ رنگ گورا کرنے کے لیے کریموں کے علاوہ دیگر مصنوعات بھی استعمال ہوتی ہیں ۔ جن میں صابن ، سکرب، ٹیبلٹس ، یہاں تک کہ انجکشن بھی شامل ہیں ۔ جن کے ذریعے جلد کا رنگ پیدا کرنے والے میلانن نامی خلیوں کی پیدا وار سست کی جا سکتی ہے اور یہ طریقہ انتہائی مقبول ہے ۔ مائیکل جیکسن نے اپنی جلد کا رنگ صاف کرنے کے لیے یہ طریقے ہی اختیار کیے تھے ۔
ڈاکٹرز خبر دار کرتے ہیں کہ بغیر ڈاکٹر کے نسخوں سے اور بغیر ڈاکٹر کو دکھائے کریم اور دیگر طریقے استعمال کرنا نقصان دہ ہے ۔ یہ بات یقینی نہیں کہ اس کے ذریعے مطلوبہ نتائج حاصل ہوں۔ان سے آپ کی جلد بہت زیادہ سفید بھی ہو سکتی ہے یا مزید سیاہ بھی ۔ اور آپ کی جلد کی قدرتی خصوصیات بھی زائل ہو سکتی ہیں ۔
عموماً یہ فرض کر لیا جاتا ہے کہ جلد پر لگانے والی کریمیں محفوظ ہوتی ہیں ۔ لوگ ان کے باعث صحت پر پڑنے والے برے اثرات کے بارے میں نہیں سوچتے ۔ یہاں تک کہ بعض کریموں میں اسٹرائڈ بھی ہوتا ہے ۔ بعض دفعہ کریموں پر اجزا کے نام نہیں لکھے ہوتے اور نہ ہی کمپنی کا نام موجود ہوتا ہے ۔ لیکن انہیں بڑے اعتماد سے ایک دوسرے کے لیے تجویز کیا جا رہا ہوتا ہے ۔
سفید رنگ ہمیشہ خوبصورت نہیں ہوتا اور نہ ہی سانولی رنگت بد صورت ہوتی ہے ۔ سانولی رنگت یقینا خوبصورت ہے ۔ اصل خوبصورتی جلد کی تازگی اور صفائی ہے ۔ جس کے حصول کے لیے یعنی جلد کے نکھار کے لے آپ اپنے باورچی خانے میں موجود بہت سی جڑ ی بوٹیوں سے کام لے سکتی ہیں ۔ جن میں سے چند آپ کے لیے یہاں تحریر کر دیتے ہیں ۔
بادام کا آمیزہ
لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے
روغن بادام دو کھانے کے چمچے
گلیسرین ، دو کھانے کے چمچے
ان کو اچھی طرح ملا لیں ۔ دن میں ایک دفعہ چہرے پر ہلکا مساج کریں ۔ چند دن میں چہرے کی رنگت کھل جائے گی اور دغ دھبے بھی دور ہو جائیں گے ۔
لیموں اور کلونجی کا آمیزہ
کلونجی کا پائوڈر40 گرام
گلیسرین100 گرام
عرق گلاب100گرام
لیموں کا رس100گرام
سارے اجزاء آپس میں ملا لیں ۔ بہترین لوشن تیار ہے رات کو چہرہ دھو کر ہلکے ہاتھوں سے لگا لیں ۔ اور صبح منہ دھو لیں چمک دار اور خوبصورت جلد ہو جائے گی ۔
پپیتہ، کیلا یا ابلا ہوا آلو دودھ کے ساتھ ملا کر پیسٹ بنا لیں اور چہرے اور گردن پر لگا لیں ۔ تھوڑی دیر بعد نیم گرم پانی سے صاف کر لیں ۔ آپ نتیجہ دیکھ کر حیران ہ جائیں گی ۔
جلدی سے رنگ گورا کرنے کے چکر میں غیر معیاری کریموں کے چکر میں نہ آئیں یہ آپ کی جلد کو نقصان پہنچا سکتی ہیں ۔