وزیراعظم نے کشمیر کیلئے عالمی شیطانوں سے توقعات لگارکھی ہیں،طارق سلیم

35

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ عمران خان نے ٹرمپ اور عالمی شیطانوں سے تو قعات لگا رکھی ہیں کہ وہ کشمیر ان کی جھولی میں ڈال دیں گے لیکن ٹرمپ نے نریندرمودی کے جلسے میں شریک ہوکرواضح بتادیا کہ اس کی حمایت کس کے پلڑے میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 16 کے اجتماع، سید مودودیؒ کے یوم وفات پر منعقد تقریب اور بھمبر میں کشمیر بچائو ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عثمان آکاش، امیر سٹی ڈسٹرکٹ سید عارف شیرازی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان، ضلعی سیکرٹری سید عزیر حامد، امیر زون سید ارشد فاروق سمیت ارکان وکارکنان شریک تھے۔ قبل ازیں امیر صوبہ نے زون کے ارکان سے ازسر رکنیت کا حلف لیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی کشمیر کا زپر 20 سے زائد قرارداوں سے نہیں مظلوم کشمیری عوام کی عملی فوجی مدد سے ایک کروڑ محصور انسانوں کو آزادی ملے گی، کشمیر اور پاکستان کا ہرنوجوان اور شہری جذبات سے لبریز ہے، ریاست پاکستان کو اپنی شہ رگ کی آزادی کے لیے عملی مدد کا واضح اعلان کرنا چاہیے، پوری کشمیری اور پاکستانی قوم سمیت دنیا بھر کے مسلمان اس فیصلے کی پشت پر ہوں گے۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ سید ابولاعلیٰ مودودیؒ نے پاکستان کو اسلامی آئین دیا، ان کی تصنیف دینیات کا 46 زبانوں میں ترجمہ ہوا، سیکڑوں لوگوں نے اسے پڑھ کر اسلام قبول کیا۔ سید مودودیؒ نے سیاسی اسلام کا ویژن دیا۔ انہوں نے دنیا کو بتایا کہ جس طرح نماز، روزہ، حج عبادت ہے اللہ کے قائم کردہ قوانین کے تحت کی جانے والی سیاست بھی اسی طرح عبادت ہے۔ سید مودودیؒ جیل میں امامت سے فارغ ہوئے تو فوجی افسر نے کھڑ ے کھڑے کہا کہ آپ کو قادیانی مسئلے پر کتاب لکھنے پر سزائے موت دی گئی، اگر چاہیں تو وقت کے حکمران سے رحم کی اپیل کرسکتے ہیں۔ اس وقت انہوں نے تاریخی الفاظ کہے کہ میں دنیا والوں سے رحم کی اپیل کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں، میری جو رات قبر میں ہے وہ کوئی حکمران باہر نہیں رکھ سکتا اور اگر ابھی میری زندگی کی سانسیں باقی ہیں تو دنیا کی تمام باطل قوتیں مل کر بھی مجھے موت نہیں دے سکتیں۔ قادیانیوں کیخلاف بانی جماعت اسلامی نے پھانسی کا پھندا چومنا تو گوارہ کیا لیکن کسی طاغوتی شیطان کے سامنے کمزوری دکھائی نہ ہی ان کے عزم میں کوئی کمی آئی۔