ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کا راز صرف تعلیم میں ہے‘ذکر اللہ مجاہد

49

لاہور (وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میںفرق کی وجہ تعلیم ہے ٗ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کے لیے ہمیں تعلیم و تحقیق پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔پوری دنیا میں سماجی و معاشی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تعلیم کو پہلا حق کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے کسی بھی ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں پڑھے لکھے لوگ ہی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے الحمرا ہال میں الخدمت فائونڈیشن لاہور کے زیر اہتمام الخدمت اسکولز کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما مشتاق مانگٹ، صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، مغیث شاہد قریشی سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن لاہور، ڈائریکٹر الخدمت اسکولز زبیر صدیقی، چودھری محمد سلیم، ایاز شیخ ایڈمنسٹریٹرز اسکولز محمد فاروق ناطق، چودھری محمد اقبال، ملک منیر، شاہد ملک اور ڈاکٹر خاور بٹ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور اسکولوں میں نمایاں پوزیشن لینے والی طالبات اور ان کے و الدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اسلام کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیم کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کر سکتی ہیں۔ تعلیم ایک ایسا زیور ہے جو ہمیں ہر قسم کی مشکلات اور مسائل کے حل سے آراستہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن لاہور شہر بھر میں الخدمت اسکولز کے ذریعے مساوی اور معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔