لوٹی ہوئی دولت کی واپسی تک تحریک چلائیں، عبدالقیوم شیخ

51

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سابق رکن سندھ اسمبلی عبدالقیوم شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیاست عیاری، دھوکا، مکاری ہے۔ ہزاروں بااختیار افراد نے دولت لوٹی اور اپنے تحفظ کے لیے حقائق سے متصادم قوانین بنائے، قرضہ پر قرضہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر لیتے رہے اور لٹیروں کو این آر او دیتے رہے۔ این آر او دینے کا اختیار کیا آئین وقانون میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام انتخابات کو بھول کر احتساب کو یاد رکھیں، لوٹی ہوئی دولت کی واپسی تک ملک بھر میں تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ دوسو ارب ڈالر سوئز بینک میں ہیں۔ کارروائی ہوئی پھر سرد خانے میں ڈال دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپسی کے لیے اپنی طاقت کا استعمال کرے۔ انہوں نے پاکستان میں مقیم امریکا، یورپ کے سفیروں سے انسانیت کے نام پر اپیل کی ہے کہ اپنے اپنے ملکوں کے سربراہوں کو غریبوں کی لوٹی ہوئی دولت واپسی کے لیے سخت اقدامات کر نے کی جانب توجہ دلوائیں۔