حیدر آباد، بزم ساتھی کا چلڈرن الیکشن منعقد کرنے کا اعلان

55

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) اسکولز کے طلبہ کی سب سے بڑی تنظیم بزم ساتھی نے سندھ کے طلبہ کے لیے ’’چلڈرن الیکشن‘‘ منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ جس میں ساتویں سے دسویں جماعت کے طلبہ وطالبات حصہ لیں گے۔ الیکشن کے تمام تر مراحل ملک کے انتخابی نظام کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیے گئے ہیں۔ صوبے بھر میں الیکشن مہم کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، اس منفرد سرگرمی کے حوالے سے بچوں میں بڑا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ چلدڑن الیکشن صوبے کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں مرحلہ وار منعقد کیے جائیں گے۔ الیکشن حیدر آباد اور سکھر میں ایک ساتھ منعقد ہوں گے، جس کے بعد میرپور خاص، نوابشاہ اور لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں میں منعقد کروائے جائیں گے۔ چلڈرن الیکشن کے حوالے سے بزم ساتھی کے صوبائی صدر مرزا نعمان بیگ کا کہنا ہے کہ بزم ساتھی نے ہر دور میں نئی اور منفرد سرگرمیاں اسکولوں کے طلبہ کے لیے متعارف کروائی ہیں۔ سندھ بھر میں پہلی بار بزم ساتھی چلڈرن الیکشن متعارف کروا رہی ہے۔ الیکشن کا مقصد بچوں میں قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے، انتخابی عمل سے روشناس کروانے، مستقل کی قیادت تیار کرنے، ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں غیرنصابی سرگرمیوں کو پروان چڑھانا ہے۔ الیکشن کے لیے طلبہ صدر، نائب صدور، جنرل سیکرٹری اور کلاس انچارجز کے عہدوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔ مختصر جانچ پڑتال کے بعد امیدواران کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔ امیدوار ایک ہفتہ اسکولوں کے اندر اپنی انتخابی مہم چلائے گا جس کے بعد خفیہ رائے شماری کے ذریعے عہدیداران منتخب ہوں گے جس کے بعد نومنتخب عہدیداران تقریب حلف برداری میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ انتخابی عمل کے لیے بزم ساتھی سندھ کی جانب سے پچاس ہزار بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل جاری ہے۔ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے بزم ساتھی کے ذمے داران اور اسکولوں کے پرنسپل و اساتذہ پر مشتمل الیکشن کمیشن بنایا گیا ہے۔ مرزا نعمان بیگ نے مزید کہا کہ چلڈرن الیکشن اسکولوں کے طلبہ کے لیے ایک بہترین سرگرمی ہوگی۔ اس طرح کی سرگرمیوں سے ملک کو مستقبل کے لیے قیادت میسر آئے۔