شہر میں ٹریفک جام معمول بن چکا، نوٹس لیا جائے،سلیم الدین قریشی

48

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر سلیم الدین قریشی اور چیمبر کی سب کمیٹی کے کنونیئر محمد سہیل میمن نے لطیف آباد اور قاسم آباد میں ٹریفک جام کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکولز ٹائمنگ کے وقت ٹریفک اِس قدر جام ہوجاتا ہے کہ ٹریفک گھنٹوں رُکی رہتی ہے ایسے میں ایمرجنسی کے مریضوں کو اسپتال میں پہنچانا اور بچوں کا اِس گرمی اور حبس کے موسم میں گھر پہنچنا محال ہوجاتا ہے اور کئی مریض راستے ہی میں دم توڑ جاتے ہیں اور بچے گرمی سے بے حال اور بے ہوش ہوجاتے ہیں۔ ٹریفک جام کا اصل سبب فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر تجاوزات کی بھرمار اور غیر قانونی پارکنگ بھی ہیں۔ حیدرآباد میں ٹریفک قوانین پر کوئی عملدرآمد نہیں ہورہا اور ون وے سڑکوں پر بھی رانگ سائیڈ ڈرائیونگ جاری رہتی ہے لیکن ٹریفک پولیس اِس کا تدارک کرنے میں بالکل ناکام نظر آتی ہے اور بھاری ٹریفک کو دن کے اوقات میں بھی شہر میں داخلے کی اجازت دے دی جاتی ہے۔ اگر ٹریفک پولیس اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے اور لوگوں پر سختی کے ساتھ ساتھ اُنہیں ٹریفک کے بارے میں ایجوکیٹ کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ ٹریفک پر قابو نہ پایا جاسکے۔ لیکن ٹریفک پولیس ٹریفک کنٹرول کرنے کے بجائے دوسرے کاموں میں مصروفِ کار رہتی ہے جس کی وجہ سے آئے دن ٹریفک جام سے شہریوں اور تاجر برادری کی زندگی اجیرن ہوتی جارہی ہے۔ اُنہوں نے ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو اور ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹریفک پولیس کو فعال بنائیں ، ٹریفک کی روانی کا خود جائزہ لیں اور اِس گمبھیر ٹریفک کی صورت حال سے چھٹکارا دلائیں اور ماتحت افسران کو پابند کریں کہ وہ اپنے فرائض ذمے داری سے اداکریں۔
سلیم الدین قریشی