پیپلز پارٹی کا مذہب کارڈ کو جواز بنانا محض بہانہ ہے،حافظ حسین احمد

49

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا مذہب کارڈ کوجوازبنانا محض بہانہ دراصل کچھ طاقتوں کی خوشنودی نشانہ ہے، آزادی مارچ میں صرف مشترکہ یک نکاتی ایجنڈا منصفانہ نئے انتخابات کا مطالبہ ہی ہوگا، مذہب کارڈ کے استعمال کا جواز بنا کربہانے نہ بنائے جائیں، جگہ گرم ہو یا نرم ہماری جدوجہد جاری رہے گی، شیخ رشید ہی گرم جگہ سے بچنے کے لیے اپنی وفاداریاں بدلتے ہیں وہ کبھی نواز شریف کے قدموں تو کبھی پرویز مشرف کے بوٹوں میں نظر آئے۔وائس آف امریکا کو اپنے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے امریکا یاترا سے قبل امریکا کی خوشنودی کے لیے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی مدد اور تعاون کے لیے جانے والوں کو ظالم کہا جس کو امریکا نے سراہا کیوں کہ کشمیر میں ظلم کرنے والے بھارت کے تکون میں امریکا اور اسرائیل شامل ہیں۔ حافظ حسین احمدنے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا یہ کہناکہ جے یو آئی مذہب کارڈ استعمال کررہی ہے محض بہانہ ہے دراصل کچھ طاقتوں کی خوشنودی نشانہ ہے، جے یو آئی کے جانثار ورکرز اور حامی مذہبی طبقہ سے بھی تعلق رکھتے ہیں ہم ان کے مذہبی جذبات اور ناموس رسالت ، ختم نبوت سمیت تمام معاملات کا دفاع کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم، صدارتی الیکشن اور چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کے وقت بھی پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنی راہ الگ رکھی اس وقت تو مذہبی کارڈ کا بہانہ بھی نہ تھا لیکن جب اس تعاون اور اپوزیشن کے اتحاد میں رخنہ ڈالنے کے باوجود بھی ان کے خلاف اقدام ہوا تو کیا وہ مولانا فضل الرحمن کے پاس آکر تحریک چلانے کے لیے اصرار نہیں کرتے رہے ۔
حافظ حسین احمد