پولیس با اثر ملزمان کی سرپرستی کررہی ہے، تحفظ دیا جائے، مسمات نادیہ

56

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) دادو کے گوٹھ پی آر او ڈھکن کی رہائشی مسمات نادیہ نے علاقے کے بااثر افراد کے مظالم کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے کے بااثر افراد علی غلام، اکبر علی اور دیگر نے میرے شوہر کی غیر موجودگی میں گھر میں داخل ہو کر مجھے ہراساں کیا اور اب مسلسل پریشان کررہے ہیں، جس کی رپورٹ میں نے متعلقہ تھانے پر درج کرائی ہے لیکن پولیس با اثر ملزمان کی سرپرستی کررہی ہے اور ملزمان کو بچانے کے لیے مجھ پر دبائو ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل مذکورہ بااثر افراد نے گھر میں داخل ہو کر میرے شوہر ممتاز علی کو بھی تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کیا تھا اور اب کیس سے دستبردار نہ ہونے پر ملزمان سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور گوٹھ سے بے دخل کرنے کے لیے ہم پر دبائو ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے آئی جی سندھ، اے آئی جی حیدر آباد ریجن اور ایس ایس پی دادو سے اپیل کی کہ بااثر ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کرکے مجھے تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔