سندھ کے پانی پر ڈاکے میں ارسا نے سہولت کار کا کردار ادا کیا، لطیف پلیجو

55

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھی ہاری تحریک کا اجلاس پرنس ٹائون قاسم آباد حیدر آباد میں مرکزی صدر انور نوحانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں کے بی کھوسو، شاہد جروار، علی مردان کھوسو، منصور لاکھو، ابراہیم بگٹی، آغا عباسی، الطاف خاصخیلی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 3 نومبر کو حیدر آباد میں ہونے والی ہاری آبادگار کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لے کر تمام اضلاع میں جنرل کونسل اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت 25 ستمبر کو جامشورو، 27 ستمبر نوابشاہ، 28 ستمبر حیدر آباد، 29 ستمبر سانگھڑ، خیرپور میرس، جیکب آباد، بدین، کراچی ملیر 30 ستمبر، میرپورخاص، دادو اور دیگر شہروں میں اجلاس کیے جائیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کی زرعی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ گنے، چاول، کپاس اور دیگر فصلوں کے نرخ کم کر کے کاشتکاروں کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے۔ سندھ کے پانی پر ڈاکے میں ارسا نے سہولت کاری کا کردار ادا کیا ہے، جو پانی مل رہا ہے وہ پانی حکمران چوری کر جاتے ہیں،سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین غیرآباد کی گئی ہے، ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سروے کرکے حکومت متاثرہ کسانوں اور کاشتکاروں کے ہونے والے اربوں روپے کے نقصانات کا ازالہ کرے۔