پیما نے میرپور میں زلزلہ متاثرین کیلیے طبی خدمات کا سلسلہ شروع

86

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے تحت میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں طبی خدمات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد سے 4ڈاکٹرز کی ایک ٹیم میرپور پہنچ گئی جس میں سرجن، ماہر ہڈی جوڑ، بے ہوشی کے ڈاکٹر اور جنرل فزیشن شامل ہیں۔ اس ٹیم کی قیادت پیما انٹرنیشنل ریلیف کے انچارج ، وائس چانسلر تعمیر ملت یونیورسٹی پروفیسر محمد اقبال خان کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ابتدائی طور پر 2لاکھ روپے مالیت کی ادویات، سرجیکل کا سامان اور دیگر طبی آلات بھی میرپور بھجوا دیے گئے ہیں ۔ پیما کے مرکزی صدر پروفیسر محمد افضل میاں کی ہدایت پر میرپور، بھمبر اور قریبی علاقوں میں موجود پیما کے ڈاکٹرز پہلے روز سے ہی متاثرین کی طبی امداد کے لیے جاری سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ پیما آزاد کشمیر کے صدر، میرپور میڈیکل کالج میں پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر مرتضیٰ بخاری ، ڈاکٹر آفتاب میر، ڈاکٹر ریاض احمد اور دیگر ڈاکٹرز نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال اور دیگر میڈیکل سینٹرز میں زخمیوں کی دیکھ بھال اور ان کے علاج معالجے میں مصروف عمل ہیں۔