گلستان جوہر ‘ پارک کے پلاٹ پر تعمیربنگلوز یکم اکتوبر کو مہندم کی جائیں گے

142

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( کے ڈی اے ) نے سپریم کورٹ کے حکم پر گلستان جوہر میں پارک کے لیے مختص ایک ایکڑ رقبے کے پلاٹ پر کی گئی غیر قانونی تعمیرات منہدم کرنے کے لیے حتمی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ جس کے تحت یکم اکتوبر کو رفاہی پلاٹ کی تجاوزات کو
منہدم کردیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ” جسارت ” نے 27 اگست کو شائع کی گئی خبر میں یہ انکشاف کیا تھا کہ مقامی بلڈرز نے گلستان جوہر بلاک 3 کے پارک کے لیے مختص 4 ہزار 927 مربع گز کے پلاٹ نمبر ایس ٹی 15 پر قبضہ کرکے 120 گز کے 28 بنگلوز تعمیر کررہا ہے۔اس مقصد کے لیے مذکورہ بلڈر پلاٹ سے متصل سڑک کو کاٹ کر اس پر بھی قبضہ کررہا ہے۔ اس خبر پر صوبائی حکام نے سخت نوٹس لیا اور کے ڈی اے کو غیر قانونی تعمیرات منہدم کرنے کی ہدایت کی۔ اس ہدایت پر کے ڈی اے کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ اینٹی انکروچمنٹ کے ڈائریکٹر نے مذکورہ پارک کے پلاٹ سے ناجائز تعمیرات منہدم کرنے کے لیے یکم اکتوبر کو آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈپٹی کمشنر کو رینجرز اور پولیس کی نفری بھی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ مزاحمت کی صورت میں فوری گرفتاریاں کی جاسکیں۔ کے ڈی اے کی جانب سے جاری کیے جانے والے خط کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر پلاٹ نمبر ایس ٹی 15 بلاک 3 اے گلستان جوہر میں غیر قانونی تجاوزات کو یکم اکتوبر کو منہدم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ دریں اثنا ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ڈاکٹر بدر جمیل نے بتایا ہے کہ مذکورہ رفاہی پلاٹ پر غیرقانونی قبضہ اور تعمیرات کا سلسلہ 5سال پرانا ہے تاہم سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق تمام رفاہی پلاٹوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کرنے کے حکم پر عمل درآمد جاری ہے۔ڈی جی نے بتایا ہے کہ بلاک 3 اے کی ایس ٹی 15 پر کی گئی تعمیرات منہدم کرتے ہی اس پر پارک کی تعمیر کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی صورت میں رفاہی پلاٹوں پر غیرقانونی قبضوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ تمام رفاہی پلاٹوں کو عدالت عظمٰی کے حکم کے تحت ان کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔