طلبہ ہنگامہ آرائی، اسلحہ اور منشیات جیسی برائیوں سے خود کو دور رکھیں

58

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایس ایس پی حیدر آباد عدیل حسین چانڈیو نے کہا ہے کہ طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ ہمیشہ ہنگامہ آرائی، اسلحہ اور منشیات جیسی سماجی برائیوں سے خود کو دور رکھیں اور اس بات کو سمجھنے کی کوشش کریں کہ آپ کے لیے کیا چیز اہم ہے اور کیا اہم نہیں ہے۔ وہ لطیف آباد کے علاقے کوہسار میں واقع سٹی اسکول کے دورے کے دوران وہاں موجود طالبعلموں کو لیکچر دے رہے تھے۔ ایس ایس پی نے اپنے لیکچر کے دوران والدین اور اساتذہ کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ لوگوں کی بھی ذمے داری ہے کہ آپ بچوں میں معاشرے کی اچھائی اور برائیوں کے درمیان شعور پیدا کریں، لیکچر کے بعد سوالات کا سلسلہ ہوا، جس میں ایس ایس پی حیدر آباد عدیل حسین چانڈیو نے تمام سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے اور کہا کہ طلبہ میں شعور اور آگاہی کے لیے حیدر آباد پولیس کی جانب سے لیکچر کا آغاز کردیا گیا ہے اور میں اسکول انتظامیہ سمیت اساتذہ سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگاہی کے لیے تعاون کریں، یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کوہسار میں واقع سٹی اسکول کے ایک طالبعلم نے اپنے ایک ساتھی پر فائرنگ کی تھی، جس کے بعد اسکول کے بچوں میں شعور اور آگاہی کے لیے لیکچر کا آغاز کیا گیا ہے کہ لڑائی جھگڑوں اور تشدد سے پرہیز کریں، اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور دوسروں کا احترام کریں۔