حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے،اجمل حسین

38

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیراجمل حسین بدرایڈووکیٹ اورجنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ جن لوگوں نے تبدیلی کے خوشنمانعرے سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا آج وہ لوگ بھی مایوس دکھائی دیتے ہیں۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کے پاس کسی قسم کا کوئی وژن ہی نہیں۔ ایک سال سے زائد عرصہ بیت چکا ہے مگر عوام کو ریلیف کے نام پر محض تسلیاں ہی ملی ہیں۔اجمل حسین بدرنے کہا کہ ایک طرف ڈینگی کی وبا شدت اختیارکر چکی ہے تودوسری طرف اسپتالوں کی نجکاری کیخلاف ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سڑکوں پر ہے۔ آوٹ ڈورز میں مریضوں کا علاج بند ہے۔ لواحقین خوار ہو رہے ہیں اسپتالوں میں فارماسسٹ کی 5ہزارسیٹیںخالی پڑی ہیں حکومتی پالیسی اور نا اہلی کے باعث 7ہزار سے زائد فارما سسٹ بے روزگار ہوچکے ہیں۔منافع بخش تمام ادارے مفلوج ہوچکے ہیں۔ ملک کا نظام ایڈہاک ازم پر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے عثمان بزدار کی حکومت آئی ہے تب سے لیور ٹرانسپلانٹ بند ہوچکا ہے۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا اولین ٹارگٹ رواں سال کے دوران 200کڈنی ٹرانسپلانٹ تھا مگر بد قسمتی سے اس ہدف کا صرف 25 فیصد ہی حاصل ہوسکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیروں اور مشیروں کو عمران خان کی مداح سرائی کے سوا کوئی کام نہیں۔ عوام کی زندگی اجیرن اور مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے۔ دس روز گزر چکے ہیں۔ قصور میں معصوم بچوں کو درندگی کا نشانہ بنانے اور قتل کرنے والے ابھی تک قانون کی گرفت میں نہیں آسکے۔ جو کہ حکمرانوں اور پولیس کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔