خیبرپختونخوا میں درختوں کے اربوں روپے بدعنوانی کی نظر کردیے گئے

68

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر کا سودا کردیا گیا ہے اور اب کس چیز کی مبارکباد دی جارہی ہے، پشاور اور خیبرپختونخوا میں درختوں کے اربوں روپے بدعنوانی کی نظر کردیے گئے ہیں ۔ عمران خان پاکستان کو توڑنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ ہم اسے جوڑنا چاہتے ہیں۔ وہ قاسم آباد کے ہال میں مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مرد اور خواتین کارکنان نے شرکت کی۔ کنونشن سے مسلم لیگ(ن) کے رہنما نہال ہاشمی ایڈووکیٹ، رُکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی، راجہ انصاری، علی اکبر گجر، جمال عارف سہروردی، چودھری طارق ، انور سومرو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سید شاہ محمد شاہ نے کہاکہ ہماری جنگ ظلم و ناانصافی کیخلاف ہے، ہم نے نہ پہلے کبھی عوام کے مفاد کا سودا کیا اور نہ اب کریں گے ، پاکستان آج مہنگائی اور معاشی بدحالی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، غریب عوام بیروزگاری کے ہاتھوں پریشان ہے، مہنگائی نے عوام کے چولہے ٹھنڈے کردیے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی نے کہاکہ نواز شریف ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھارہے تھے لیکن انہیں سازش کے تحت ہٹادیا گیا، آج کشمیر ہمارے ہاتھ سے نکل رہا ہے اور سی پیک منصوبہ بھی سرد خانے کی نذر کیا جارہا ہے۔ نواز شریف کی گرفتاری کے بعد بڑی تعداد میں کارکنوں کو گرفتار کرلئے گئے ہیں ۔ ملک میں جمہوریت کے بجائے آمریت مسلط کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام بھوک و بدحالی کا شکار ہے، یہ حکومت عوام دشمن حکومت ثابت ہوگی۔