عباس خان عوامی خدمت پر یقین رکھنے والے انسان تھے، عبدالجبار خان

46

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان کے چھوٹے بھائی اور سابقہ یوسی چیئرمین عباس خان کی پہلی برسی حسین آباد میں ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں، کارکنوں، تاجروں اور شہر کے معززین کے علاوہ علاقے کے افراد نے شرکت کی۔ برسی کے موقع پر معروف مذہبی رہنما حاجی گلشن الٰہی نے عباس خان کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کرائی۔ اس موقع پر مہمانوں سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالجبار خان نے کہا کہ عباس خان جمہوریت پسند، عوامی خدمت پر یقین رکھنے والے انسان تھے۔ انہوں نے بلارنگ ونسل لوگوں کی خدمت کی، یہی وجہ ہے کہ آج بھی لوگ ان کی یادوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج عباس خان ہم میں نہیں لیکن اُن کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ انہوں نے اپنے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے جن کے ثمرات سے آج بھی ہزاروں افراد مستفید ہورہے ہیں۔ وہ ہمہ وقت شہریوں کی خدمت کے لیے کمر بستہ رہتے تھے۔