کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا،آرمی چیف

96

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کے دفاع کے لئے مکمل طور پر تیار ہے اور ملک کی عزت، وقار اور سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

جنرل قمرباجوہ کا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، کشمیریوں کےحق خودارادیت سے متعلق سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارتی کمانڈر کی جانب سے غیر ذمے درانہ بیانات اور بھارتی مس ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورکمانڈرزکانفرنس نے اقوام متحدہ میں تنازع کشمیر موثر طور پر اجاگر کرنے کو تسلیم کیا اور کہا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے والوں کی سازشیں ناکام بنائی گئی ہیں۔