بہاتر تا 75 سال کے تمام پینشنرز کی پنشن بحال

181

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ نے تمام صوبائی اور خود مختار اداروں کے 72 تا 75 سال عمر کے تمام پنشنرز کی پوری پنشن بحال کردی ہے۔ اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کی جانب سے جری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب تمام پنشنرز کو 100 فیصد پنشن ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ اس مقصد کے لیے72 تا75 سال کے تمام پنشنرز کو نہ متعلقہ دفاتر میں ازخود پیش ہونا پڑے گا اور نہ کوئی درخواست دینی پڑے گی۔ اس سے قبل سینئرز پنشنرز کو75 سال کی عمر کے بعد اپنی کاٹی جانے والی پنشن کے حصول کے لیے درخواست دینے کے ساتھ پنشنرز کو ازخود متعلقہ دفتر سے رجوع بھی کرنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے بیمار افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ تاہم اب ایسا نہیں ہوگا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کراچی سمیت صوبے کے تمام اداروں میں پنشنرز کی کل تعداد تقریباً 3 لاکھ ہے جبکہ پورے ملک میں یہ تعداد تقریباً 12 لاکھ ہے۔ خیال رہے کہ ریٹائرڈ ہونے کے کے بعد35 فیصد پنشن کاٹ کر دی جاتی ہے جو75 سال کی عمر میں پہنچنے کے بعد درخواست دینے پر ادا کی جاتی تھی۔ تاہم اب حکومت نے72 سال کی عمر میں ہی 100فیصد پنشن بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔