غیر قانونی سوسائٹی میں اراضی لینے پر رانا ثنا اللہ کیخلاف تحقیقات شروع

51

راولپنڈی (آن لائن) محکمہ انسداد رشوت ستانی (اینٹی کرپشن) راولپنڈی نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے خلاف کلرکہار میں غیر قانونی سوسائٹی میں 2 فارم ہائوس لینے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بسم اللہ فارم ہائوس کی طرف سے 2017ء میں اس وقت کے صوبائی وزیر قانون کو شیڈول ریٹ سے انتہائی کم قیمت پر 2 فارم ہائوس کی ملکیت منتقل کرنے کا معاملہ بھی تفتیش طلب ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے شالیمار ہلز فارم، فالکن ٹائون فارم ہائوس اوربسم اللہ فارم ہائوس کے مالکان کے علاوہ ڈی جی ماحولیات پنجاب، ضلع کونسل چکوال کے چیف افسراور میونسپل کمیٹی کلر کہار کے چیف افسر کے خلاف اختیارات سے تجاوزاور دھوکا دہی کے علاوہ مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جس کے مطابق سیاحتی مرکز کلر کہار کے قریب شالیمار ہلز فارم، فالکن ٹائون فارم ہائوس اوربسم اللہ فارم ہائوس کے نام پر ہائوسنگ سوسائٹیاں قائم کیں جس کے لیے نہ تو ضلع کونسل چکوال سے نقشہ منظور کروایا گیانہ ہی سرکاری خزانے میں نقشے کی فیس جمع کروائی گئی اور نہ ہی محکمہ ماحولیات سے کوئی این او سی لیا گیا ۔