حکومت خارجہ اور داخلہ محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے ،سینیٹر مشتاق خان

69

پشاور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے گرینڈ ہیلتھ الائنس خیبر پختونخوا کے مطالبات کی مکمل تائید اور تعاون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف خارجہ اور داخلہ تمام محاذوں پر مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے نمائندہ وفد سے ملاقات کیا۔ وفد میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، نرسز، ٹیکنیکل اسٹاف اور کلاس فور کے نمائندے شامل تھے۔ وفد نے سینیٹر مشتاق احمد خان کو صوبائی حکومت کی طرف سے نافذ کردہ نئے ایکٹ آر ایچ اے اور ڈی ایچ اے کے قیام کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا کہ اس کے نفاذ سے کون کون سی مشکلات کا محکمہ صحت اور عوام کو سامنا کرنا پڑے گا۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے وفد کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ صحت اور تعلیم دونوں بنیادی مسئلے ہیں جس کی ذمے داری ریاست پر عائد ہوتی ہے کہ وہ اس حوالے سے عوام کو مکمل ریلیف دے۔ آر ایچ اے اور ڈی ایچ اے کے قیام سے حکومت صحت جیسی بنیادی ذمے داری سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے اور عوام کو چند سوداگروں ، سرمایہ داروں اور مافیا کے لوگوں کے ہاتھوں یرغمال بنانا چاہتی ہے، جس سے علاج کی سہولت عوام کی دسترس سے باہر ہوجائے گی اور غریب عوام پر سرکاری علاج کے دروازے بند ہوجائیں گے۔