حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا) حیدرآباد کے تحت عالمی یوم اساتذہ پر وقار انداز میں منایا گیا، اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گسٹا کے مرکزی صدر اشرف خاصخیلی نے کہا کہ حکومت اساتذہ کو عزت کا مقام نہیں دے سکتی تو اسکو یہ حق بھی نہیں کہ وہ اساتذہ پر ظلم کے پہاڑ توڑے، محکمہ تعلیم کی اساتذہ وتعلیم دشمن پالیسیوں کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ عمرہ زیارت وجج، رخصت پر پابندی کسی صورت میں قبول نہیں محکمہ تعلیم کے غیر سنجیدہ مشیران کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ مذہبی معاملات کو نہ چھڑیں ورنہ سندھ کے اساتذہ شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمے داری محکمہ تعلیم پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکولوں میں بڑھائے گئے ایک گھنٹے کے اضافی وقت کو فوری طور پر واپس لیا جائے، حکومت اپنے وعدوں کو پاس رکھتے ہوئے اساتذہ کے مسائل فوری حل کرے، جن میں جے ایس ٹی ومساوی کیڈر کو ٹائم اسکیل کنٹریکٹ اساتذہ کو پہلے دن سے سینارٹی 2012ء کے اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی اور بائیو میٹرک کے مسائل کو حل کیا جائے۔ اس موقع پر سید رسول بخش، ڈائریکٹر اسکول حیدر آباد پیر غلام محی الدین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ودیگر کے علاوہ گسٹا کے محمود چوہان، منیر احمد، یونس خان، مسعود جتوئی، شاہ بخش لغاری، عبدالجبار، فرخندہ راجپوت، سلمی بھٹی، نگہت عباس، نسیم ضمیر خان، مبارک علی عباسی ودیگر بھی موجود تھے۔ تقریب میں 112 ریٹائر خواتین ومرد اساتذہ پندرہ دوران سروس انتقال کرنے والے اساتذہ کے اہل خانہ کو ان کی خدمات پر شیلڈ دی گئیں، ساتھ ہی ہفتہ جشن آزادی میری پہچان پاکستان کے پروگرامات میں پوزیشن حاصل کرنے والے چالیس طلبہ وطالبات کو بھی شیلڈ دی گئیں۔