حیدر آباد، خود کشی کے واقعات میں دو خواتین اور نوجوان نے اپنی جان لے لی

70

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میں 24 گھنٹے کے دوران خود کشی کے تین واقعات میں دو خواتین اور نوجوان نے اپنی جان لے لی۔ مہنگائی، بے روزگاری، غربت سے نفسیاتی مسائل بڑھنے لگے ہیں، جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں خودکشی کے تین واقعات ہوچکے ہیں، گاؤں منٹھار شورو میں چار بچوں کی ماں ریحانہ نے گھریلو پریشانی سے تنگ آکر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ ممتاز کالونی شاہ مکی تھانے کی حدود میں صائمہ نامی خاتون نے مبینہ طور پرخود سوزی کرلی جبکہ فورٹ تھانے کی حدود سے ایک نامعلوم نوجوان کی لاش لائی گئی جس کے بارے میں معلوم ہوا کہ اس نے خودکشی کی ہے۔ جی او آر کالونی میں ڈکیتی کی وار دات، دو نامعلوم مسلح افراد صدام نامی شخص سے موٹر سائیکل اور ہزاروں روپے کی نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔ دومختلف حادثات میں بچے سمیت تین افراد زخمی، کھنڈو اسٹاپ کے قریب وین کی ٹکر سے آٹھ سالہ افضال ولد بلال شدید زخمی ہوگیا، جس کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال پہنچایا گیا جبکہ اسریٰ یونیورسٹی کے قریب کار کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال پہنچایا گیا۔