صورتحال بگڑ رہی ہے‘ایٹمی جنگ ہوئی تو دنیا کی شکل بدل جائے گی‘ سردار مسعود

66

مظفرآباد ( صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے خبردار کیا ہے کہ کنٹرول لائن اور کشمیر کو تقسیم کرنے والی اس لکیر کے دوسری جانب امن و سلامتی کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پاکستان اور بھارت کو ایٹمی جنگ کی طر ف لے جا سکتی ہے اور اگر یسا ہوا تو اس سے دنیا کا نقشہ بدل جائے گا ۔ امریکی میگزین نیوز ویک کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے کسی بھی فوجی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں اور ہماری فوج پوری طرح چوکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدمات نے پورے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑ ا کر دیا ہے ۔ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں یہ صورتحال مزید بگڑنے کا اندیشہ ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان فوجی جھڑپ محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ جوہری جنگ میں بدل سکتی ہے اور اگر ایسا ہوا تو یہ بین الاقوامی جوہری جنگ ہو گی پوری دنیا کسی نہ کسی انداز میں متاثر ہو گی ۔ دہشت گردی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی فیکٹری نہیں ہے ۔ پاکستان پورے عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف لڑ ا ہے اور اس سلسلے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ نوے کی دہائی میں آزاد کشمیر سے مجاہدین مقبوضہ کشمیر جاتے تھے اور مقبوضہ علاقے سے نوجوان ہماری مدد طلب کرنے کے لیے یہاں آ تے تھے لیکن یہ سلسلہ 2004 میں مکمل طور پر ختم ہو گیا تھا ۔ اب بھارت دہشت گردی کا نام صر ف مغربی ممالک کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے ۔