من پسند تعیناتیاں کرپشن کی بڑی وجہ ہے، شاہد قائمخانی

59

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) حیدررآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کے چیئرمین سب کمیٹی اطلاعات محمد شاہد قائمخانی نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بیوروکریسی پر توجہ دیں۔سول سوپیرئر سروس (سی،ایس،ایس)اور کمیشنڈ افسران کی تعیناتی ان کے مضامین اور ڈگریوں کے مطابق کی جائیں۔ شعبہ طب سے وابستہ امیدواروں کوفیڈرل بورڈ آف ریونیو، پولیس و دیگر ایڈمنسٹریٹو جیسے اداروں میںتعینات کردیا جاتا ہے جسکے نتیجے میں نہ صرف اداروں کی کارکردگی بلکہ مؤثر معلومات نہ ہونے کی بنا پر حکومتی کاروبار بھی متاثر ہوتا ہے۔ سی،ایس،ایس پاس کرنے کایہ مطلب نہیں کہ وہ ہرفن مولا ہوگیا ہے اور انہی وجوہات کی بنا پر ہمارے ملک کا گورننس نظام خراب ہوچکا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں کرپشن کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ من پسند لوگوں کو منافع بخش اسامیوں پر تعینات کیا جاتا ہے اگر وفاقی اور صوبائی محکموں میں اسامیوں کے مطابق ڈگری ہولڈر ز کی تعیناتی کی جائے گی تو نہ صرف حکومتی ایڈمنسٹریشن بلکہ حکومت کا کاروبار بھی بخوبی وا حسن طریقے سے چل سکے گا۔