سکھر (نمائندہ جسارت) ملک میں مسافر گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ اور ایڈیشنل آئی جی سائوتھ ریجن خالد محمود کی خصوصی ہدایت پر ملک میں قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر موٹر وے پولیس کی جانب سے مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی اور حادثات سے بچائو سے متعلق خصوصی طور پر رات کے وقت بریفنگ دی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی موٹر وے سندھ ڈاکٹر مسرور عالم کولاچی کی ہدایت پر ہالانی سے کوٹ سبزل تک قومی شاہراہ پر سیکٹر کمانڈر موٹر وے سکھر یونس خان کی زیر نگرانی مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو موٹر وے پولیس کی جانب سے خصوصاً رات کے اوقات میں مختلف جگہوں پر ان کا ہاتھ منہ دھلایا جارہا ہے اور انہیں چبانے کے لیے چیونگم دی جارہی ہے، جس کا مقصد ڈرائیوروں کو دوران ڈرائیورنگ چاق و چوبند بنانا ہے، جبکہ ڈرائیوروں کے لائسنس بھی چیک کیے جارہے ہیں اور ویلڈ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنے والے ایسے ڈرائیوروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ اس موقع پرخیرپور بائی پاس پر دوران مہم سیکٹر کمانڈرسکھر یونس خان کا کہنا تھا کہ مسافر گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے موٹر وے پولیس مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو خصوصاً رات کے اوقات میں چاق و چوبند رکھنے کے لیے ایسی مہم کا انعقاد کررہی ہے، جس سے حادثات پر نمایاں طور پر قابو پایا جاسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کا ذہنی و جسمانی طور پر فٹ ہونا انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی موٹر وے کرم آباد خالد محمود نواز بھی سیکٹر کمانڈر کے ہمراہ تھے۔دوسری جانب مسافروں نے موٹر وے پولیس کی مذکورہ مہم کو سراہاتے ہوئے موٹر وے پولیس کی تعریف کی اور کہا کہ ایسی مہم کا جاری رہنا انتہائی ضروری ہے، تاکہ جان لیوا حادثات سے بچائو ممکن ہوسکے۔