صارفین کی شکایات دور کرنے میں تاخیر نہ کی جائے،حیسکو چیف

49

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحق میمن نے کہا ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران جن میں ایگزیکٹو انجینئرز اور ایس ڈی اوز سے میٹنگ کر کے اُن کو اِس بات کا پابند بنائیں گے کہ وہ صارفین کی جانب سے کالز کو اٹینڈ کریں اور اُن کی شکایات کو دور کرنے میں کسی تاخیر کا سبب نہ بنیں۔ وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی جانب سے اُن کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے چیمبر کانفرنس ہال میں خطاب کررہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سے ادارے کو بہت زیادہ آمدنی حاصل ہوتی ہے، اس لیے ان کی شکایات جو نئے کنکشنز، ٹرانسفارمرز کی مرمت یا تبدیلی اور دیگر شکایات کے ازالے کے لیے پوری جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر دولت رام لوہانہ کی تجویز کے مطابق واٹس ایپ گروپ بنایا جائے گا جس میں کم سے کم افراد رکھے جائیں گے اور وہ خود حیسکو کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر اور ایگزیکٹو انجینئرز اس کے ممبر ہوں گے اور موصولہ شکایات کے حل میں اس سے بھرپور مدد ملے گی۔ انہوں نے اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ ایک کمیٹی بنائی جائے جو چھوٹے معاملات اور ڈیڈیکشن کے معاملات کے خاتمے کے سفارش کرے اور اس کا جائزہ لے کر اوّلین فرصت میں ان کو حل کرلیا جائے گا۔ B-1 اور B-2 کے کنکشن جلد دیے جائیں گے، تمام فیڈرز کو اپ گریڈ کرنے اور ہائی ٹینشن لائنز کی مرمت پر فوری طور پر عملدرآمد ہوگا۔ ٹرانسفارمرز کی جو حضرات اپنے خرچے میں تنصیب کرانا چاہتے ہیں وہ تمام کیس اکھٹے کیے جائیں اور وہ متعلقہ سپرنٹنڈنٹ انجینئرز کی سطح پر فوری منظور کیے جائیں گے اور تمام معاملات حل کیے جائیں گے۔ فلٹر پلانٹس کو بجلی مختلف فیڈرز سے فراہم ہوتی ہے۔ میٹنگ کے بعد وہ طے کریں گے اور معاملے کو حل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ وہ صدر دولت رام لوہانہ اور کنوینر سب کمیٹی حیسکو محمد اکرم آرائیں کی جانب سے استقبالیہ اور سپاسنامہ کے نکات پر اظہار خیال کررہے تھے۔ اس سے قبل خطبہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا کہ یہ چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری ضلع حیدر آباد کی واحد لائسنس یافتہ ٹریڈ باڈی ہے اور یہ تاجروں اور صنعتکاروں کی اصل نمائندہ چیمبر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حیسکو اسٹاف کو عوام اور تاجر برادری کسی اچھے نام سے یاد نہیں کرتی بلکہ اُن کا نام نفرت سے لیا جاتا ہے اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ جب بھی کوئی صارف کسی بھی حیسکو کے دفتر میں کام سے جاتا ہے تو وہاں اسے دوستانہ ماحول میسّر نہیں آتا جبکہ حیسکو بجلی فروخت کرنے کا ادارہ ہے جبکہ صارف ان سے بجلی خریدتے ہیں کوئی بھی چیز فروخت کرنے والا کبھی بھی اپنے خریدار سے بدتمیزی نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں 90 فیصد سے زائد ریکوری ہورہی ہے، ان کو لوڈشیڈنگ فری قرار دیا جائے۔ پریٹ آباد اور دیگر فلٹر پلانٹس کو لوڈشیڈنگ فری قرار دیا جائے۔