نا اہل حکومت کی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو بیک گیئر لگا دیا، رانا تنویر

111

مرید کے (آن لائن) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نامز د چیئر مین اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے آزادی مارچ کے خلاف طاقت کے استعمال کی کوشش کی تو گلی گلی سے تحریک اٹھے گی اور حکومت کو بہا کر لے جائے گی، ناکام اور نا اہل حکومت کی ناقص پالیسیوں نے ملکی معیشت کو بیک گیئر لگا دیا ہے جس سے نہ صرف غریب بلکہ متوسط طبقہ کے لیے بھی زندگی گزارنا مشکل ہو چکا ہے۔ میاں محمد نواز شریف غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدامات کے حق میں نہیں لیکن جھوٹوں کے ہاتھوں عوام کا سسک سسک کر مرنا بھی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ دیرینہ لیگی تاجررہنما شیخ بشیر احمد کے فرزندگان شیخ نویدبشیراور شیخ وحید بشیر کی طرف سے حج و عمرہ پروگرام کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہم کوئی دھرنا نہیں آزادی مارچ کر رہے ہیں لیکن اگر حکومت نے کوئی بچگانہ حرکت کی تو مارچ دھرنا میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے ڈیل اور ڈھیل ٹھکرا کر عوامی حقوق اور ووٹ کی عزت کی خاطر جیل کی صعوبتیں برداشت کی ہیں اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے آئندہ بھی جدوجہد جاری رہے گی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ’’تبدیلی حکومت ‘‘کے خاتمہ اور عوامی غیظ و غضب سے دوچارگی کے لیے عمران خان کی کنٹینر تقاریر ہی کافی ہیں، ہر کام 90دن میں کرنے کی دعویدار حکومت ڈیڑھ سال گزرنے کے با وجود وقت مانگ رہی ہے مگر اسے ملک کو مزید تباہ کرنے کے لیے وقت نہیں دیا جائے گا۔