جے کے ایل ایف کا کنٹرول لائن پر 9 ویں روز بھی دھرنا ،بھوک ہڑتال شروع

119

چناری(صباح نیوز)جے کے ایل ایف کا کنٹرول لائن پر 9ویں روز بھی دھرنا‘ بھوک ہڑتال بھی شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق جموں کشمیرلبریشن فرنٹ کا دھرنا (چنوئیاں ،بھرائیاں )کے درمیان نویں روز بھی جاری رہا، لبریشن فرنٹ کے 2درجن سے زاید کارکنان نے دھرنے میں24گھنٹے کے لیے بھوک ہڑتال شروع کر دی،24 گھنٹے مکمل ہونے کے بعد لبریشن فرنٹ کا دوسرا گروپ بھوک ہڑتال شروع کرے گا۔قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یاسین اپنے دیگر ساتھیوں چودھری الیاس،مجاز شاہ،راجا سعد اقبال و دیگرلبریشن فرنٹ کے دھرنا شرکاء سے اظہار یکجہتی کے لیے دھر نا میں پہنچ گئے۔ اپوزیشن لیڈر چودھری یاسین کی طرف سے دھرنا شرکاء اور پولیس کے لیے 17 کھانے کی دیگیں لائی گئیں ۔انجمن تاجران چکوٹھی کے صدر شبیر احمد عباسی ،راجا قاصد ،کامران مغل،ابرار عباسی و دیگرکی قیادت میں شٹر ڈائون ہڑتال کر کے ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے 10روز سے 50ہزار سے زاید عوام کا راستہ بند کر رکھا ہے ،عوام ،طلبہ و طالبات سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ راستے کی بندش کے خلاف (آج)منگل کی صبح 9 بجے ایل او سی کی طرف مارچ کریں گے۔ لبریشن فرنٹ کے احتجاجی دھر نا سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یاسین نے کہا کہ پوری کشمیری قوم کنٹرول لائن توڑنے کے لیے تیار ہے، کشمیر کی آزادی کے لیے اگر جنگ ناگزیر ہے تو جنگ ہونی چاہیے،ہم اس کے لیے بالکل
تیار ہیں ،لبریشن فرنٹ اور ہمارے نظریات مختلف لیکن مقاصد ایک ہیں۔انہوں نے کہا ہم کشمیر کی مکمل آزادی تک لڑیں گے،آزاد کشمیر کا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی تک لڑے گا،کشمیریوں سے بے وفائی کرنے والوں کا کھیرا تنگ کر دیں گے،70روز سے مقبوضہ کشمیر کے عوام قیدیوں سے بدتر زندگی گزار رہے ہیں،ہمیں کہا گیا تھا کہ 27 ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد کشمیریوں کو نیا لائحہ عمل دوںگا لیکن17 روز گزر چکے ہیں ،وزیراعظم پاکستان نے کشمیر پر کوئی عملی پیشرفت نہیں کی، سری نگر کی جیلیں نوجوانوں سے بھر چکی ہیں اور اب ہزاروں نوجوانوں کو بھارت کی مختلف جیلوں میں بھیجا جارہا ہے اور کشمیری نوجوانوں پر تھرڈ ڈگری سے بھی زیادہ کا تشدد کیا جا رہا ہے ،مقبوضہ کشمیر گوانتاناموبے جیل بن چکا ہے۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ گلگت بلتستان آزاد کشمیر کے زونل صدرڈاکٹر توقیر گیلانی نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مطالبات کے حوالے سے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے،کوشش ہے احتجاج پر امن رہے۔
جے کے ایل ایف