بھارتی جنگی جنون دنیا کیلیے لمحہ فکر ہے، خطے میں سیکورٹی مسائل مسئلہ کشمیر سے جڑے ہیں، جنرل زبیر

63

اسلام آباد/روالپنڈی (اے پی پی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ بھارت کا بڑھتا جنگی جنون دنیا کے لیے لمحہ فکر ہونا چاہیے۔ وہ منگل کو اسلام آباد میں سینٹر فار ایرواسپیس اینڈ سیکورٹی اسٹڈیز (سی اے ایس ایس )کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ائر چیف مارشل(ر) کلیم سعادت بھی اس موقع پر موجود تھے ۔جنرل زبیر نے کہا کہ بھارت ہتھیاروں کی دوڑ میں اضافہ کر رہا ہے، جنوبی ایشیا میں تمام سیکورٹی مسائل مسئلہ کشمیر سے جڑے ہوئے ہیں ‘ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ دنیا کی معاشی ترقی کے باعث پاکستان اور دنیا کے درمیان تفاوت بڑھ رہا ہے،معاشی تنزلی کے باعث اسلاموفوبیا جیسے تصورات پروان چڑھ رہے ہیں‘ عالمی اور معاشی سطح پر طبقاتی تفریق بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو نئے چیلنجز درپیش ہیں،دوسری جانب بھارتی معاشرہ انتہا پسندی کی طرف جا رہا ہے، بھارتی ہندوتوا نظریہ جنوبی ایشیاء کے امن کے لیے مسلسل خطرہ ہے،بھارت میں موجود مسلمان مدد کے لیے پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اومان کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اوردفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اومان کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد کو جی ایچ کیو آمد پر گارڈآف آنر پیش کیا گیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے سے متعلق بھی بات چیت کی۔لیفٹیننٹ جنرل احمد نے یادگار شہداء پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کے بعد شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔