راولپنڈی(وقائع نگارخصوصی)نیشنل لیبر فیڈریشن راولپنڈی ڈویژن کا ایک خصوصی اجلاس گزشتہ روز ڈویژنل صدر محمد ایوب خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں مرکزی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی مہمان خصوصی تھے۔ اس اجلاس میں این ایل ایف کے تنظیمی امور پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے مختلف پروگراموں کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیااور انہیں حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں منظور کردہ ایک قرارداد میںپبلک ٹرانسپورٹ یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل دلاور گردیزی کے خلاف سی ڈی اے اور مقامی پولیس کی طرف سے ناروا سلوک ٗ دھمکیوں اور تشددپرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس اورسی ڈی اے کے متعلقہ محکمے کے اہلکاروں کا پبلک ٹرانسپورٹ یونین کے سیکرٹری جنرل دلاور گردیزی کے ساتھ رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ حکام بالا اس افسوسناک صورتحال کا فوری نوٹس لیں ۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ محکمہ سی ڈی اے اور پولیس نے اگر اپنے رویے کو نہ بدلا تو ان کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔