فوادچودھری کے بیان نے نوجوانوں کو مایوس کردیا ،عمرفاروق

64

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ فوادچودھری کے بیان نے نوجوانوں کو مایوسی کے اندھے کنواں میں دھکیل دیاہے،ڈیرھ سال سے نوکریوںکے انتظارمیں نوجوان طبقہ بے روزگاری کے ہاتھوںتنگ آکرخودکشیوںپر مجبور ہورہاہے جس کا سارا خمیازہ پی ٹی آئی حکومت کو بھگتناپڑے گا۔انہوں نے کہاکہ کفایت شعار ی کے دعویداروں نے عوامی جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ تحریک انصاف کو ووٹ دے کر کامیاب کرانے والے بھی حیران و پریشان ہیں۔ صنعتیں بند اور معاشی ترقی مخدوش ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق آئندہ چار برسوں میں پاکستان کا قرضہ 95.4ارب ڈالر سے بڑھ کر 130ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا، جوکہ موجودہ حکمرانوں کے ناکام ترین معاشی وژن کا نتیجہ ہے۔ بدقسمتی سے تاریخ کے نااہل ترین حکمران ملک و قوم پر مسلط ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیروریٹنگ سے بھارت کی کاٹن امپورٹ 14ہزار ٹن سے بڑھ چکی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ہوشر با ٹیکسوںکے اضافے کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر ہے۔تحریک انصاف کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوںمزدور بے روزگار چکے ہیں۔ ایک کروڑ افراد کو نوکریاں دینے والوں نے محنت کشوں سے روزگارتک چھین لیا ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ حکمرانوں کے قول و فعل میں بڑا تضاد ہے۔ ایک طرف وفاقی وزیر حماد اظہر اس بات کا دعویٰ کررہے ہیں کہ ٹیکسز کا حجم 516ارب روپے ہے جبکہ دوسری طرف آئی ایم ایف نے واضح کیا ہے کہ 733ارب 50کروڑ روپے کے ٹیکس لگائے گئے ہیں جبکہ قوم کو صرف 516ارب بتائے جارہے ہیں۔ حکمران مسلسل غلط بیانی اور جھوٹے وعدے کرکے عوام کو دھوکا دے رہے ہیں۔ جس کسی نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے،اس سے جوابدہی اور محاسبہ ہونا چاہیے۔ماضی کے حکمرانوں نے اپنے بیرونی دوروں پر سوا تین ارب روپے خرچ کیے جبکہ موجودہ حکمران بھی ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ ایسی قوم جس کا بچہ بچہ قرضوں کی زنجیر میں جکڑا ہوا ہے، اس کے حکمرانوں کی شاہ خرچیاں افسوسناک ہیں۔