سہیل سیال کے 2 کزن سمیت 3 ملزمان عدالت میں پیش، ریمانڈ منظور

51

سکھر (آن لائن) قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کے گرفتار دونوں کزنز سمیت 3 ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کردیا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سرکاری زمینوں پر قبضے کے کیس کی سماعت جاری ہے، نیب نے سہیل انور سیال کے 2 کزنز شاہد سیال، سعید سیال اور منھیل جتوئی کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔ احتساب عدالت نے تینوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے نیب کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ نیب نے تینوں ملزمان کو ضمانت رد ہونے پر سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا، ملزمان لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن اور جنگلات کی زمینوں پر قبضے کے کیس میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس بھی زیر سماعت ہے۔