صنعتکاروں نے آئی جی سندھ سے مدد مانگ لی

205

پولیس افسران کو جرائم کے خاتمے کا ٹاسک، ناکامی پرفوری معطل کیا جائے، سلیمان چاو¿لہ

صنعتکار کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چیلنج ہے

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر سلیمان چاوٓلہ نے سائٹ صنعتی ایریا میں جرائم پیشہ افراد کی بڑھتی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا ہے کہ صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک بنانے اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے مو¿ثر اور نتیجہ خیز حکمت عملی وضع کی جائے تاکہ صنعتکاروں کی جان ومال کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سائٹ صنعتی ایریا میں 3موٹرسائیکل سواروں کی بلاخوف وخطر صنعتکار کی گاڑی پر فائرنگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک چلینج ہے جس سے نمٹنے کے لیے انہیں سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔
سلیمان چاو¿لہ نے کہاکہ کراچی آپریشن کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ،اغواءکے واقعات،بھتہ خوری اور دہشت گردی میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی تاہم شہر کے ہر علاقے میں اسٹریٹ کرائم سمیت رقم ، موبائل، موٹرسائیکل، کار اور دیگر قیمتی اشیاءچھیننے کی وارداتوں میں کمی نہ آسکی خاص طور پر سائٹ کے صنعتکاروں سمیت شہریوں سے لوٹ مار اور ہراساںکرنے کا سلسلہ جاری ہے۔جرائم پیشہ افراد کی مجرمانہ سرگرمیوں میں روز بروز اضافے کے باعث صنعتی ایریا میں خوف پایا جاتا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں محدود ہوتی جارہی ہیں جبکہ اگر کاروباری صورتحال کا جائزہ لیاجائے تو خریداروں نے بھی چھینا چھپٹی کے خوف سے خریداری کم سے کم کردی ہے جس کی وجہ سے ریٹیلرز کو سیکورٹی کے حوالے سے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑرہے ہیں حالانکہ موجودہ معاشی بحران میں وہ اضافی اخراجات کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ جرائم کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایسی حکمت عملی اختیار کریں جس سے پرامن اور سازگار کاروباری ماحول میسر آسکے تب ہی اقتصادی سرگرمیوں کا فروغ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو مستقل بنیادوں پر پیٹرولنگ کرنی چاہیے جبکہ حکومت جرائم پیشہ عناصر کو سخت سزائیں دے اور اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے ویران سڑکوں پر سیکورٹی بڑھائی جائے۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت پر زوردیا کہ وہ کراچی کو درپیش اس اہم مسئلے پر خصوصی توجہ دیں خصوصاً اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے مو¿ثر اقدامات عمل میں لائے تاکہ کراچی والوںکوفوری طور پر ریلیف مل سکے۔
سلیمان چاو¿لہ نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی سائٹ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کریں کہ وہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مقررہ مدت میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے تجویز دی کہ مقررہ مدت میں اسٹریٹ کرائم پر قابو نہ پانے والے افسران کو فوری طور پر معطل کرکے ان کی جگہ فرض شناس افسران کو تعینات کیا جائے جو مثبت نتیجہ برآمد کرنے کا واحد حل ہے۔