حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں بلدیہ کی نااہلی کے باعث شہر کی گلی محلوں اور اہم شاہراہوں پر کچرے کے ڈھیر لگ گئے، تعفن اور مچھروں کی بہتات، حیدر آباد شہر میں نہ صرف گلی، محلے بلکہ شہر کی اہم ترین شاہراہیں بھی بلدیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جہاں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں تو کہیں سیوریج کا پانی بہہ رہا ہے۔ سخی پیر، اسٹیشن روڈ، رسالہ روڈ، فقیر کا پڑ، کلاتھ مارکیٹ جیسے تجارتی علاقے اور لطیف آباد کے تجارتی مراکز یونٹ نمبر 11,12 کا مین بازار، فلائی اوور یونٹ نمبر 7 یونٹ نمبر 5 کا مین بازار اور اطراف کی گلیاں گندگی اور غلاظت کا ڈھیر بنی ہوئی ہیں، جس سے نہ صرف تعفن پھیل رہا ہے بلکہ شہر میں مچھروں کی بہتات ہے جو کہ بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔ شہریوں نے فوری طور پر مچھر مار اسپرے کا مطالبہ کیا ہے۔