پیپلز پارٹی کے اُمیدوار کو منظم سازش کے تحت ہرایا گیا، عبدالجبار خان

39

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے لاڑکانہ میں ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے اُمیدوار کو منظم سازش کے تحت ہرایا گیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی حکومت اور اس کے ماتحت ادارے اب صوبہ سندھ میں بھی سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ لاڑکانہ جوکہ پیپلزپارٹی کا قلعہ ہے یہاں سے عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کے اُمیدوار کو شکست دینا ناممکن ہوتا ہے، وہاں سے ضمنی انتخاب میں بھرپور دھاندلی کرکے پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو کو ہروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور برسہا برس سے اس کیخلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔ پارٹی قیادت کو بے بنیاد الزامات میں گرفتار کرنے کے بعد اب انتخابی عمل سے بھی باہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو نہ صرف ملک میں جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے بلکہ اس سے جمہوری ادارے بھی کمزور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جو خود دھاندلی کی بنیاد پر برسراقتدار آئی ہے اور اب اس تسلسل کو جاری رکھے ہوئے ہے جس کی واضح مثال لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب ہیں۔ سندھ کے عوام ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ رہے ہیں اور رہیں گے، اس طرح کے ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی اور عوام کا رشتہ کم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، جس کے ثمرات عام آدمی پر پہنچ رہے ہیں۔