بااثر زمیندار کے مظالم اور ناانصافیوں کا نوٹس لیا جائے، مسمات ریحانہ

40

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد دیہی کی رہائشی مسمات ریحانہ سیال نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر پولیس افسران سے اپیل کی کہ بااثر زمیندار کے مظالم اور ناانصافیوں کا نوٹس لے کر ہمیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ علاقہ میں چند عرصہ قبل زمین خریدنے اور مقاطعہ پر حاصل کرنے والے بااثر زمیندار عبدالحکیم دایو نے ہماری زندگی اجیرن بنا دی ہے،مذکورہ زمیندار ہمارے مرحوم والد کی جانب سے چھوڑی گئی سو ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور ہماری دوایکڑ زمین پر چاردیواری تعمیر کرنے سمیت واٹر کورس کو بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے ہماری زمین بنجر بن چکی ہے، انہوں نے بتایا کہ قاسم آباد کے رہا ئشی بااثر زمیندار عبدالحکیم دایو جوکہ ڈی آئی جی سکھر اقبال احمد دارا کا والد بھی ہے جوکہ ہماری زمین بھی کوڑیوں کے دام خریدنا چاہتا ہے اور ہمارے انکار پر اس نے ہمارے واٹر کورسوںکو توڑ کرپختہ دیوار تعمیر کر دی ہے جس پر ہم نے احتجاج کیا تو راہوکی پولیس کے ذریعے گوٹھ پرچڑھائی کر کے ہمیں جھوٹے کیسوں میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ علاقہ پولیس سندھ پولیس کے اعلیٰ افسر کے والد کی جانب سے غریبوں پر ظلم کیخلاف احتجاج کے باوجود ان کی پشت پناہی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریب اور بے سہارا ہونے کے سبب بااثر زمیندار کے ظلم کا مقابلہ نہیں کرسکتے اور پولیس بھی ہمیں تحفظ فراہم نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے ہم عدم تحفظ کا شکار ہیں۔