مدینے کی اسلامی ریاست نے غریبوں کو نہیں غربت کو ختم کیا، عبدالوحید قریشی

69

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی نے کہاہے کہ دنیامیں اسلام قرآن کے ذریعے تیزی سے پھیل رہاہے ۔وہ لوگ خوش قسمت ہیں جوقرآن پڑھتے ہیں پڑھاتے ہیں اور لوگوں کوقرآن پر اکٹھاکرتے ہیں، مدینے کی مثالی ریاست نے غریبوں کونہیں غربت کوختم کیا۔آپ ؐ کے نافذکردہ نظام میں زکوٰۃ دینے والے تھے لینے والے نہیں۔دورنبویؐ اور خلفائے راشدین ؓ بہترین دورہے یہی ہمارے مسائل کاحل ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی زون شمالی کے تحت مسجدقبا ہیرآبادمیں کارکنان کو درس قرآن دیتے ہوئے کیا ۔عبدالوحید قریشی نے کہا کہ آپ ؐ کواللہ تعالیٰ نے رحمت للعالمین بناکربھیجاہے۔ حکمران اسلام کانام محض عوام کے جذبات سے کھیلنے اوراپنے اقتدارکے لیے بطور ِجوازپیش کرتے ہیں ۔ کفر کا غلبہ ختم ہونے والا ہے۔اس وقت اسلام کا پیغام دنیامیں تیزی سے لوگوں کے دلوں کومسخرکررہاہے ، یورپ ،شمالی وجنوبی امریکا ،آسٹریلیا،جاپان اور دیگر غیر مسلم ممالک میں اسلام سب سے تیزی سے پیش قدمی کرنے والادین بن گیاہے، نومسلم زیادہ جوش وخروش سے قرآنی تعلیمات اپنارہے ہیں۔ محسوس ہوتاہے کہ یورپ،امریکا اورجاپان کے نئے مسلمان مستقبل میں عالم اسلام کی قیادت کریں گے ۔ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے رہنما ڈاکٹر شاہد رفیق نے کہا کہ قرآن کاشوق لوگوں میں پروان چڑھ رہاہے ۔قرآن اللہ کا کلام اور اخلاق ِرسول ؐ ہے بے سکون دلوں کوچین اللہ کے ذکرسے ملتاہے یہی قرآن دنیااورآخرت میں کامیابی کاراستہ ہے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے بھی خطاب کیا۔