بنوں (صباح نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم خان دُرانی نے بنوں میں ایک غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیجنے کا ایک ہی علاج ہے کہ آزادی ملین مارچ کو کامیاب بنائیں اور حکومت سے تب ہی مذاکرات ہوسکتے ہیں جب وزیراعظم مستعفی ہوجائیں، ہمارا اسلام آباد جانا اٹل ہے، مولانا فضل الرحمن کی آزدی مارچ کی کال پر اپوزیشن کی تمام 9 جماعتیں متحد ہیں، اگر مولانا فضل الرحمن یا آزادی مارچ کو کسی نے روکنے یا میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو اپوزیشن کی یہ 9 جماعتوںکے قائدین اور کارکن بھرپور انداز سے جواب دینگے۔ اب حکومت نیب کے ذریعے بلیک میل کررہی ہے مگر ہم نیب سے ڈرنے والے نہیں۔ نیب کے دباؤ سے کئی سیاسی شخصیات نے پارٹی وفاداریاں تبدیل کرلیتی ہیں، مولانا فضل الرحمن کا ساتھ مرتے دم تک دیتا رہوں گا۔ موجودہ حکومت اور اداروں نے ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کی اب کہتے ہیں کہ آپ نے غریب نوجوانوں کو ملازمتیں دیں اور مساجد کیلیے زمین دی، اگر اس الزام پر گرفتار بھی ہوا تو قوم کے لیے گرفتاری پر فخر محسوس کرونگا۔