بہتر معیشت، زراعت کی ترقی کیلیے کوششیں کر رہے ہیں،غلام سرور خان

47

راولپنڈی (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت زراعت کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور انقلابی منصوبے متعارف کروا رہی ہے، پاکستانی معیشت میں بہتری کے لیے زراعت کی ترقی ناگزیر ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق زراعت کی ترقی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ وزیر اعظم کے قومی منصوبہ برائے فروغ تیلدار اجناس کے تحت کینولہ پر سبسڈی کاشتکاروں کی خوشحالی اور ملکی خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو وزیراعظم عمران خان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے کینولہ کی فصل پر سبسڈی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت صوبہ پنجاب میں تیلدار اجناس کو فروغ دینے کیلیے 3 ارب روپے سے زائد خطیر رقم سے کاشتکاروں کو ترقی دادہ بیج اور زرعی مشینری پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔