کشمیر کی خاطر آخری گولی چلانے والے پہلی گولی چلانے کو تیار نہیں، حسین محنتی

152
سکھر:امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کی زیر صدارت برادر تنظیمات کا اجلاس ہورہا ہے
سکھر:امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کی زیر صدارت برادر تنظیمات کا اجلاس ہورہا ہے

سکھر(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کشمیر سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے، کشمیر کی خاطر آخری حد تک جانے اور آخری گولی چلانے کی بات کرنے والے پہلاقدم اور پہلی گولی چلانے کو تیار نہیں ہیں۔کشمیر ایشو کو تحرک دینے کے لیے جماعت اسلامی نے ملک بھر میں کشمیر مارچ کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔17 نومبر کو سکھر میں سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں کشمیر مارچ ہوگا جس سے دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ مارچ میں مرد و خواتین بچے بوڑھے بھرپور شرکت کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سکھر میں 17 نومبر کو سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ہونے والے کشمیر مارچ کے حوالے سے ضلعی، مقامی و خواتین نظم اور برادرتنظیمات کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی، سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا، امیرضلع مولانا حزب اللہ جکھرو ، امیر شہر محمد زبیر حفیظ سمیت دیگر ضلعی و مقامی رہنما موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج کشمیر میں کربلا ہے 75 دن سے کرفیو نافذ ہے اسکول اسپتال دکانیں بند زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔بھارت کے ظلم وجبر اور 9 لاکھ فوج کے محاصرے کے وجود مودی سرکار کشمیری عوام کے دل سے شوق شہادت اور جذبہ جہاد نہیں نکال سکی ہے۔ آزادی کی اس جدوجہد اور بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری مائیں بہنیں بھی مردوں سے پیچھے نہیں وہ ایمانی طاقت سے ڈٹی ہوئی ہیں جنہوں نے جدوجہد و عزیمت کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے ذمے داران پر زور دیا کہ کہ وہ 17 نومبر کو سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ہونے والے آزادی کشمیر مارچ کو کامیاب اور اس میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے دن رات ایک کردیں۔