بھارت نے وادی نیلم اور لیپہ میں عملاً جنگ شروع کررکھی ہے

68

مظفرآباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت نے وادی نیلم اور لیپہ میں عملاً جنگ شروع کررکھی ہے جس سے سول آبادی متاثر ہوئی ہے حکومت پاکستان آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کیے بغیر بھرپور کارروائی کرے ،اگر اب بھی اقدامات نہ ہوئے تو کل یہ گولے نیلم ،لیپہ کے بجائے اسلام آباد میں پڑھیں گے ،بھارت نے 5اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر کے قتل عام شروع کررکھا ہے ،15لاکھ بھارتی افواج اور آر ایس ایس کے غنڈے کشمیریوں کو بے دردی سے قتل کررہے ہیں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ جاری ہے جس سے روزانہ سول آبادی متاثرہو رہی ہے حکومت فوری طور پر سول آبادی کے لیے بینکروں کا بندوبست کرے اور بھارت کو بھرپور جوابی کارروائی کرے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے زخمیوں کی عیادت کے بعد متاثرین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ بیانات اور قراردادوں سے آگے نکلنے کی ضرورت ہے کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے اگر اب بھی حکومت پاکستان نے عملی اقدام نہ اٹھایا تو کشمیری سوچنے پر مجبور ہوں گے حکومت پاکستان جہاد کا اعلان کرے ساری قوم پاک فوج کی پشت پر ہے بھارت کو سبق سیکھانے کا وقت آگیا ہے انہوں نے کہاکہ بھارت کو اس کی زبان میں جواب دیا جائے بزدلی اور مصلحتوں سے نکلا جائے انہوں نے کہ بیس کیمپ کی حکومت شہداء کو معاوضہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرے انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے سکولز ،کالجز سمیت تمام اداروں میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے عوام کو تیار کیا جائے اور بھارت کے جارحانہ عزائم سے نمٹنے کے لیے ہر پیرو جوان کو عسکری تربیت دی جائے اگر اس قتل عام کے بعد بھی مزید انتظار کیا گیا تو یہ بزدلی اور سرنڈر کے مترادف ہو گا جس کو کشمیری کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔