بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین

76

لاہور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ویزراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ،کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کی۔

دونوں رہنمائوں نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرات وبہادری کو سراہا اور  خراج تحسین پیش کیا۔

 وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہیں، پاک فوج بھارتی جارحیت اور بربریت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بروقت جوابی کاروائی کر کے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت بو کھلاہٹ کا شکار ہے اور خطے کا امن تباہ کرنے پر لگا ہوا ہے،مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم اور بربریت کی ایک داستان رقم کر رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے ظلم کے خلاف کشمیری جونوں کی جدوجہد رنگ لائے گی، کشمیر اور پاکستان دونوں لازم وملزوم ہیں۔

شاہ محمود نے کہا کہ بی جے پی نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر کے بربریت کی نئی تاریخ رقم کردی ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے جوان سمیت 5 شہری شہید جبکہ پاک فوج کی جوابی کاروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور 2 بنکرز تباہ ہوئے تھے ۔