پاک فوج کشمیر میں داخل ہو کر کشمیریوں کو ظلم سے نجات دلائے، حسین محنتی

58

 

جیکب آباد( نامہ نگار) جماعت اسلامی سندھ کے امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کشمیر مسئلے کا حل صرف جہاد میں ہے، پاکستانی فوج سے اپیل ہے کہ وہ کشمیر میں داخل ہوکر کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف برسرپیکار ہو ، بنگلادیش میں جب حالات خراب ہوئے تو بھارتی فوج وہاں داخل ہوئی تھی اب یہ ذمے داری پاکستانی فوج پر بھی عاید ہوتی ہے۔نریندر مودی انسانیت کا دشمن ہے ، کشمیر کی آواز کو ظلم اور تشدد سے نہیںدبایا جاسکتا، انصاف کے عالمی اداروں کا امن کے قیام کے لیے کردار نظر نہیں آرہا،کتوں اور بلیوں کے حقوق کی بات کرنے والے حقوق انسانی کے ادارے اور عالمی ضمیر 77دن سے محصور مظلوم کشمیریوں پر کیوں خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، جماعت اسلامی کے تحت 25اکتوبر کو جیکب آباد میں مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ کی قیادت میں
جہاد کشمیر مارچ ہوگا جس میں مردوخواتین بچے بوڑھے بھرپور شرکت کرکے مودی کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ،مولانا فضل الرحمن کو مارچ کرنے دیا جائے، عمران خان وعدے کے مطابق کنٹینر بھی فراہم کریں، 126دن دھرنا دینے والے کس منہ سے آزادی مارچ کا راستہ روک رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی رہنما حافظ نصر اللہ چنا، عبدالحفیظ بجارانی ، مجاہد چنا، ضلع امیر دیدار علی لاشاری، صادق علی ملغانی، ہدایت اللہ رند، غلام حیدر پیرزادہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ کشمیر مارچ وقت کی بہت بڑی ضرورت ہے ، نریندر مودی اسلام اور مسلمانوں سمیت انسانیت کا دشمن ہے ،بھارت میں اقلیتوں کو درندگی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارت کی اس درندگی پر عالمی ادارے اقوام متحدہ، سیکورٹی کونسل کی آواز کا کچھ اثر نہیں ہورہا، سوڈان اور مشرقی تیمور میں ریفرنڈم کے ذریعے مسائل حل کیے گئے تو کشمیر میں ایسا کیوں نہیں کیا جاتا، 72سال میں کشمیر کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا بھارت سے مذاکرات میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم نے تقریر اچھی کی مگر اب اس سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے حکومتی کوششیں مایوس کن ہیں، مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو مارچ کرنے کا جمہوری، سیاسی ،آئینی اور اخلاقی حق حاصل ہے، اس حوالے سے حکومتی اقدامات جمہوریت کی نفی ہیں، ہماری دعائیں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہیں۔
محمد حسین محنتی