حیدرآباد:سرکاری ڈاکٹروں کی غیر حاضری پر سخت کارروائی کا انتباہ

34

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حیدر آباد عائشہ ابڑو نے سندھ گورنمنٹ اسپتال کے متعلقہ ڈاکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مریضوں کے علاج کے دوران اپنے رویے میں بہتری لائیں اور انہیں علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی کوبروقت یقینی بنائیں تاکہ لیاقت میڈیکل اسپتال حیدرآباد میں علاج کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ گورنمنٹ اسپتال پریٹ آباد حیدر آباد میں 119 ڈاکٹر ہونے کے باوجود ڈاکٹروں کی غیر موجودگی پر تشویش ہے۔ جلد سے جلد صبح، شام اور رات کے اوقات کی شفٹوں میں ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس بات کا اظہار انہوں نے پریٹ آباد حیدر آباد میں سندھ گورنمنٹ اسپتال میں مریضوں کو علاج معالجے کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مریضوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کے لیے منعقدہ کھلی کچہری میں کیا۔ ڈی سی حیدر آباد نے کہا کہ اسپتال میں ادویات کی کمی کو پورا کرنے اور ایمبولینس کی فراہمی کے لیے حکام بالا سے رابطہ کیا جائے گا جبکہ صفائی ستھرائی، اسپتال کے اندرونی اور بیرونی راستوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی جلد کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر حیدر آباد نے کھلی کچہری کے دوران مختلف لوگوں کی شکایات کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مریضوں کا معیاری علاج کریں۔ قبل ازیں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد یوسف شیخ نے کہا کہ کھلی کچہری کے دوران عوام کے مسائل اور تجاویز پر مشتمل ایک جامع رپورٹ ڈی سی آفس کی جانب سے عدالت میں پیش کی جائے گی۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ کھلی کچہری منعقد کرنے کا مقصد عوام کے مسائل معلوم کر کے ان کو جلد حل کرنا ہے۔ کھلی کچہری کے دوران عوام کی جانب سے جو مسائل بتائے گئے ہیں انہیں حل کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر حیدر آباد سٹی محمد ارباب ابراہیم کو اسپتال کے انتظامی امور کی نگرانی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے اسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں مچھر مار اسپرے کیا جارہا ہے اور کتا مار مہم بھی جاری ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد یوسف شیخ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مقصود عباسی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ابراہیم ارباب، مختار کار سٹی ابوبکر سداھیو بھی موجود تھے۔