پشاور(نمائندہ جسارت)صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے دھرنے سے سب سے زیادہ نقصان کشمیر کاز کو ہو رہا ہے، ان کو چاہیے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں، مولانا پاکستان کو بہت بڑے حادثے کا شکار کرنا چاہتے ہیں مگر ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے مولانا نے مارچ کا ڈھنڈورا پیٹا ہے تمام میڈیا پر کشمیر ایشو پیچھے چلا گیا ہے جو
کشمیریوں کے ساتھ زیادتی ہے، یہ مودی کی خواہش تھی جو فضل الرحمن نے پوری کر دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان نے وزراء پر مشتمل کمیٹی بنائی ہے جو اپوزیشن سے بھی رابطہ کرے گی، میں نے اپنے طور پر بھی جے یو آئی کے مقامی رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں جبکہ وفاقی سطح پر بننے والی کمیٹی جے یو آئی سمیت اپوزیشن کے مرکزی رہنماؤں سے رابطے کرچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا معاملات کو ٹھیک کرنے میں سنجیدہ نہیں وہ ملک میں افراتفری چاہتے ہیں، اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ وہ ترقی چاہتے ہیں یا افراتفری، اس قسم کا دھرناکسی طور درست نہیں سمجھا جاسکتا۔
وزیر اطلاعات پختونخوا