سکھر، ظالم بیٹوں نے بیویوں کے ساتھ مل کر ماں کو گھر سے نکال دیا، متاثرہ خاتون کا احتجاج

47

سکھر (نمائندہ جسارت) خون سفید ہوگیا، ظالم بیٹوں نے بیویوں کے ساتھ مل کر ماں کو گھر سے نکال دیا، متاثرہ خاتون انصاف و تحفظ کے لیے پریس کلب پہنچ گئی، انصاف کی اپیل۔ پرانا سکھر کے علاقے نصرت کالونی نمبر پانچ اولیا مسجد کی مکین معمر بیواہ خاتون مسمات پروین زوجہ مرحوم نذیر احمد انصاری نے اپنے بیٹوں اور بہوؤں کی جانب سے ملکیت پر قبضہ اور زیادتیوں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے بیٹوں نے مکان پر قبضہ کرنے کے لیے اسے بلاجواز ہراساں کرنا شروع کر رکھا ہے اور مجھے آئے روز تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ گزشتہ روز بھی انہوں نے مجھے جان سے مارنے کی کوشش کی، جس پر میں وہاں سے فرار ہوکر اپنے رشتے دار کے یہاں پہنچی، متعلقہ تھانے کو واقعہ کی اطلاع دی مگر پولیس نے کچھ نہیں کیا، مجھے ڈر ہے کہیں میرے بیٹے ملکیت کے لیے مجھے قتل نہ کردیں۔ نوٹس لے کر مجھے میرے بیٹوں کے مظالم سے آزاد کرایا جائے۔