آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اکرم درانی کی ضمانت منظور

102

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینر اور سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کی نیب تحقیقات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اکرم خان درانی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کی پانچ لاکھ روپے مالیت کے مچلکوں کے عوض چار نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی، عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اکرم درانی کے خلاف جاری تحقیقات پر جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ اکرم خان درانی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات نیب کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی نے کہا کہ حکومت تکلیف میں ہے اور وہی رابطے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  رہبر کمیٹی کی لیڈر شپ کے بغیر ملاقات ممکن نہیں اور نا ہی مولانا فضل الرحمان حکومتی ٹیم کے رکن  پرویز الہی سے ملیں گے، ہم وزیراعظم عمران خان سے استعفی لے کر ہی اسلام آباد سے جائیں گے۔

اکرم خان درانی کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے ان کی پچانوے سالہ والدہ کو بھی سوالنامہ بھجوا دیا ہے۔