جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے تحت 25 اکتوبر کو مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ کی زیر قیادت جہاد کشمیر مارچ امت کی ترجمانی اور کشمیر کی آزادی کے لیے اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔ یہ مارچ حکومتی بے حسی کو بھی للکارے گا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی، ضلعی امیر حاجی دیدار علی لاشاری اور نائب امیرامداداللہ بجارانی نے تحصیل ٹھل کے ایک درجن سے زائد مقامات ٹھل، مبارکپور، چونگل، بختیار پور، گوٹھ اکبر خان بنگلانی،نظرواہ، رانجھا پور، یوسی توج میں جہاد کشمیر مارچ کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔رہنماؤں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اس وقت نازک ترین دور سے گزر رہے ہیں ۔ ان کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی مدد کرنا ہمارا انسانی و دینی فرض ہے۔ ضلع جیکب آباد کے غیرمند عوام 25 اکتوبر کو ہونے والے کشمیر مارچ میں بھرپور شرکت کر کے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔